طولکرم:فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں صہیونی فوج کی طرف سے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے رہنماؤں سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض افواج نے حماس رہنماؤں سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔رام اللہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اسرائیلی فوج نے الماصیون اور ام شرایط کالونیوں میں چھاپے مارے اور نوجوانوں کو گرفتار کیا، فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوج پر سنگ باری اور پٹرول بموں سے حملہ کیا۔
ادھر طولکرم میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے حماس رہ نما عبداللہ یاسین فھقا کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا۔الشیخ فقہا کی یہ پہلی گرفتاری نہیں بلکہ انہیں سنہ 1983،1996، 1995، 1990، 2007 اور 2010 میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔