لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں شراب لائسنس کیس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو نااہل کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی، درخواست گزار بیرسٹر سعید احمد ظفر نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو آئینِ پاکستان کی دفعہ 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار بیرسٹر سعید احمد ظفر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سردار عثمان بزدار پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 286 سے منتخب ہوئے اور بعد ازاں انہیں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مقرر کیا گیا۔
درخواست گزار سعید احمد ظفر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پر الزام ہے کہ انہوں نے 5 کروڑ روپے رشوت لی اور داتا کی نگری لاہور کے ہوٹل کو شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کردیا۔
بیرسٹر سعید احمد ظفر نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے خلاف تفتیش میں مصروف ہے۔ 12 اگست کو سردار عثمان بزدار کو نیب آفس میں پیشی کیلئے بھی بلایا گیا اور وہ حاضر بھی ہوئے۔
سعید احمد ظفر نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تفتیش کے دوران 2 افسران نے وعدہ معاف گواہ بن کر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے خلاف گواہی دینے پر آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ شراب لائسنس جاری کرنے کے حوالے سے ملزم سردار عثمان بزدار نے غلط معلومات مہیا کیں، وہ صادق اور امین نہیں ہیں، لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ ان کی جگہ انتخابات بھی دوبارہ منعقد کرائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دینگے۔فواد چوہدری