کراچی میں جائیداد کے تنازعے پر ایک خاتون سمیت 2 ملزمان نے 2 خواتین پر تیزاب پھینکا جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنی بہن کے ساتھ مل کر ایک پلاٹ کیلئے 2 خواتین کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا۔
مقامی پولیس کے مطابق پلاٹ پر غیر قانونی قبضہ ختم کرانے کیلئے متاثرہ خواتین عاصمہ نامی ملزمہ کے گھر گئیں جہاں قبضہ ختم کرنے کی بجائے عاصمہ نے بھائی کے ساتھ مل کر خواتین پر تیزاب پھینکا۔
تیزاب گردی کے نتیجے میں جھلسنے والی خواتین کے نام زینت اور کیری بلوچ ہیں جن میں سے تیزاب سے زینت خاتون کو زیادہ نقصان پہنچا۔ متاثرہ خواتین کو ہسپتال داخل کرادیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
متعلقہ تھانے کی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت عاصمہ کے بھائی کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمہ عاصمہ کو مفرور قرار دے دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متعلقہ جائیداد کا مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ مفرور ملزمہ کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھائی سے جھگڑا، دیور نے بھابھی پر تیزاب پھینک دیا، ملزم گرفتار