نئی دہلی:بھارت میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کے دن طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ حالیہ دنوں کے دوران بھارت میں اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس جنوب ایشیائی ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 70 ہزار رہی۔ بھارت میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی 56 ہزار سات سو سے زائد ہو گئی ہے۔
امریکا اور برازیل کے بعد بھارت اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔دوسرے ممالک کی نسبت بھارت میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں لاک ڈاؤن پر سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بھارتی شہری کورونا وائرس سے متعلق جاری کئے ایس او پیز پر بھی عمل نہیں کررہے، اس کے باعث بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔