اداکارہ اشنا شاہ نے کراچی کے علاقے گزری میں خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کے واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے تفتیش کے عمل میں نئے سوالات کھڑے کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قتل بھی ہوسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اداکارہ اشنا شاہ نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں سمجھی جاتی۔ گھریلو جھگڑوں میں بھی خواتین کی جان لے لی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر تنقید کا سامنا
پیغام میں اداکارہ اشنا شاہ نے کہا کہ قتل کے بعد اسے خودکشی کا رنگ دے کر کوئی انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔ میں درخواست کرتی ہوں کہ نوجوان ڈاکٹر ماہا شاہ کے واقعے کو بھی اسی طرح کے واقعات میں شامل نہ کیا جائے کیونکہ ممکن ہے یہ قتل ہو۔
https://twitter.com/ushnashah/status/1296271163325329409
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے گزری میں خاتون ڈاکٹر نے والد سے تکرار کے بعد اپنے آپ کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، خاتون ڈاکٹر کلفٹن کے نجی اسپتال میں ملازمت کرتی تھی۔
پولیس ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ گزری تھانے کے قریب خاتون ڈاکٹر ماہا علی شاہ نے گھر کے واش روم میں خود کو گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی جنہیں شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ 3 گھنٹے سے زائد زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد جان کی بازی ہار گئیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں خاتون ڈاکٹر ماہا شاہ نے خودکشی کرلی