کراچی:ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دو سال میں ملک میں تباہی برپا کی ہے، ایک وعدہ وزیراعظم نے کیا تھا کہ میں چیخیں نکلواؤں گا توانہوں نے اپنا وعدہ پوراکردیا ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف نہیں پاکستان تحریک انتقام ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگست 2018 میں آٹے کی بیس کلو کی بوری 778 روپے تھی، آج وہ بوری 1010 روپے کی ہوگئی ہے، جبکہ 2 سالوں میں چینی کی قیمت میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ یہ تیل دریافت کرنیوالے ہیں، لیکن عوام کا تیل نکال دیا، کھانے کے تیل میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ گزشتہ 2 برس میں پی ٹی آئی حکومت نے تباہی کی ہے،عام آدمی اور صنعت کار کا نقصان ہوا ہے۔
گردشی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، فائدہ صرف مافیا کا ہوا ہے جو وزیر اعظم کے آس پاس بیٹھے ہیں۔انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ خان صاحب نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا قرض نہیں لوں گا،مگر 2سال میں انہوں نے قرضہ 24.2 کھرب سے 34.4 کھرب تک پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سال میں ملک میں کوئی میگا پروجیکٹس بھی نہیں بنے۔کراچی کے لیے وزیر اعظم نے 162ارب کا وعدہ کیا تھا جو آج تک وفا نہ ہوا،ملک کی ایکسپورٹ ڈالرز کے لحاظ سے کم ہوئی ہیں، عمران خان کو پرائیویٹ سیکٹر سے چیئرمین ایف بی آر لانے کا موقع ملا، حکومت نے ہدف سے ڈیڑھ کھرب کم ٹیکس جمع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ ریونیوبورڈ قائم کیا، تمام مشکلات کے باوجود سندھ 9 ارب سے بڑھ کر 105 ارب پر کھڑا ہے،17 اگست 2018 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج 42 ہزار سے زیادہ پوائنٹس پر تھا،آج ان کی پالیسز کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج ہزاروں پوائنٹس گرگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2018 میں پاکستان بھر میں پولیو کے صرف 12 کیس سامنے آئے، ان کا ایک سال پورا ہوا تو 2019 میں 147 نئے پولیو کے کیسز سامنے آئے، جبکہ 2020 کے ابھی صرف 8 ماہ مکمل ہوئے ہیں لیکن اب تک پولیو کے65 کیس سامنے آچکے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہاکہ موجودہ حکومت ہرچیز کا ملبہ ماضی کی حکومتوں پر نہیں ڈال سکتی، انہوں نے تو وعدہ کیا تھا پاکستانیوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینگے، انہوں نے اپنے کچھ دوستوں کو تو معاون خصوصی بنایا لیکن عوام بے روزگار ہوگئے۔