کراچی: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی بلدیہ،سعیدآباد میں پانی چوروں کیخلاف بھرپور کارروائی، 7غیر قانونی ہائیڈرنٹس پکڑے گئے، واٹر بورڈ نے 4 ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔کاروائی ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر کی گئی۔
پانی کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت کیلئے باقاعدہ قائم نیٹ ورک مسمار کرکے پانی کی چوری میں استعمال ہونے والا سامان ضبط کرلیاگیا ہے،فراہمی آب کی مرکزی لائن سے لئے گئے 15غیرقانونی کنکشن منقطع کرکے سعید آباد اوربلدیہ سمیت ملحقہ علاقوں کو فراہم کیے جانے والے 10سے 15ہزار گیلن یومیہ پانی کی چوری روک دی گئی ہے۔
ترجمان واٹربورڈ کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالدمحمودشیخ کی نگرانی میں واٹربورڈ کی ٹیم نے چیف سکیورٹی آفیسر واٹربورڈ کرنل سید محمد ضیاء زیدی (ریٹائرڈ) سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائیڈرنٹس سیل تابش رضاحسنین، فوکل پرسن ریحان اقبال اورایگزیکٹیو انجینئر عبدالرحیم پلیجونے واٹربورڈکے ڈسکنکشن اسکوارڈ کے ساتھ بلدیہ نمبر8اور12میں چھاپے مار کر7غیر قانونی ہائیڈرنٹس پکڑلیے۔
واٹربورڈ کے عملے نے اس دوران پانی کی چوری اور اس کی غیرقانونی فروخت کا نیٹ ورک مسمار کردیا ہے، پولیس کی مددسے مارے گئے چھاپوں کے دوران سیکڑوں فٹ طویل پائپ، 6سمریبل پمپس، 4 جنریٹرپمپس، اور جنریٹرز قبضے میں لے لئے۔
اس کے علاوہ واٹر بورڈ کی 33انچ قطر انچ کی پائپ لائن سے لئے گئے مختلف قطر کے 15کنکشنز منقطع کرکے سعید آباد اوربلدیہ سمیت ملحقہ علاقوں کو فراہم کئے جانے والے 10سے 15ہزار گیلن یومیہ پانی کی چوری روک دی ہے۔اس موقع پر ایس ایچ او سعید آباد محمد عمران کے ہمراہ پولیس نفری نے واٹربورڈ کے ڈسکنکشن اسکوارڈ کی بھرپور مددکی۔
بعدازاں واٹربورڈ نے غیرقانونی ہائیڈ رنٹس کے ذریعے پانی چوری کرکے فروخت کرنے والے ملزمان عبدالغفار میو، کامران افغانی، ملک نوید اور عرفان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔