راولپنڈی:نوسربازوں نے دن دیہاڑے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے پولیس اسٹیشن اور ڈی ایس پی آفس کے سامنے سڑک پرنوجوان سے2لاکھ سے زائد نقدی موبائل چھین لیے،پولیس کی روایتی ٹال مٹول جاری۔
مندرہ کے رہائشی نوجوان وسیم عابد نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ اسکے ماموں نے بیرون ملک سے تقریباً2لاکھ روپے بھجوائے جو اس نے13اگست کودن تقریباًڈیڑھ بجے ایم سی بی بینک گو جر خان سے نکلوائے بینک کے اندر سے ہی نوسر باز واس کے ساتھ ہو لئے۔
جعلی پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو ورغلایا اور ڈی ایس پی گو جر خان کے آفس اور پولیس اسٹیشن کے بالکل سامنے سڑک پر قریشی ہوٹل لے جاکر اسے گھیر لیا اور اسکی جامع تلاشی لینا شروع کردی۔
نو سر باز جعلی پولیس نے نوجوان سے زبردستی نقدی 2لاکھ روپے، موبائل فون،بٹوہ جس میں مزید رقم،شناختی کارڈ،اے ٹی ایم کارڈ و دیگر کا غذات وغیرہ تھے چھین کر بغیر نمبر پلیٹ گاڑی میں فرار ہو گئے۔
اس واقعے کو آج چھ دن گزر چکے ہیں اور ایس ایچ او کے کہنے کے باوجودASIاشتیاق تفتیشی ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے، مقدمے میں مدعی وسیم عابد نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لیکر میری داد رسی کریں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔