لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس میں پیشی کے موقعے پر ہنگامہ آرائی کرنے والے 58 ن لیگی کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیب آفس کے باہر مریم نواز کی پیشی کے موقعے پر ہنگامہ آرائی ہوئی جس پر نیب حکام نے ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی درخواست دی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے لاہور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جس میں پولیس کے مطابق مریم نواز، کیپٹن صفدر، رانا ثناء اللہ، زبیر محمود اور پرویز رشید سمیت دیگر اہم رہنما نامزد ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق مقدمے میں 300 نامعلوم افراد کے ساتھ ساتھ 188 ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا۔ مقدمے میں پولیس پر تشدد اور سرکاری کام میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 58 ن لیگی کارکنان کو گرفتار کرکے آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش ہوگی۔ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد 58 ن لیگی کارکنان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو جیل بھجوا دیا۔