صوبہ پنجاب کے شہر شیخو پورہ میں کرنٹ لگنے کے باعث 3 بچے اور 1 بوڑھی خاتون جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ یہ واقعہ ایک رکشہ ڈرائیور کے گھر میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے طارق روڈ محلہ میں رہائش پذیر رکشہ ڈرائیور اسد علی کے گھر میں موجود 3 بچے اور ایک بوڑھی خاتون کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ اقبال بی بی، 10 سالہ عبدالرحمان، 7 سالہ عبدالمنان اور 5 سالہ مطیع الرحمان شامل ہیں۔کرنٹ لگنے کے واقعے سے قبل بچوں کا والد اور والدہ بازار گئے تھے۔
والد اور والدہ کے بازار جانے کے بعد 55 سالہ اقبال بی بی کے ساتھ تینوں بچے گھر میں موجود تھے جو پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے کی وجہ سے موقعے پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
بچوں کے والد اسد علی کا کہنا ہے کہ جب میں گھر پہنچا تو 3 بچوں سمیت میری والدہ کے اوپر پیڈسٹل فین گرا ہوا تھا اور بچوں سمیت والدہ موقع پر ہی جاں بحق ہو چکی تھیں جبکہ ریسکیو ٹیم نے بچوں اور خاتون کی میتوں کو سرد خانے منتقل کر دیا ہے۔