کابل: افغانستان کے صدرمحمداشرف غنی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا، انہوں نے لویہ جرگہ کی سفارشارت پر سنگین جرائم میں ملوث طالبان کے 400 قیدیوں کی رہائی کا صدارتی فرمان جاری کردیا۔
افغان و غیرملکی میڈیا نے افغان صدارتی محل کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کی شام افغان صدراشرف غنی نے 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کے صدارتی فرمان پر دستخط کردیئے،جس کے ساتھ ہی اب قیدیوں کی رہائی ممکن ہوجائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صدر نے افغانستان کی مختلف جیلوں میں قید افغان سیکیورٹی فورسز کے قیدیوں کو بھی رہاکرنے کاالگ حکم نامہ جاری کر دیا۔ افغان دارالحکومت کابل میں منعقدہ تین روزہ لویہ جرگہ میں اتوار کے روز ایک متفقہ25 نکاتی قرارداد پیش کی گئی تھی۔
قرارداد میں طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ دورکرکے ملک میں طویل خونریزی کے خاتمہ اور پائیدارامن کے لئے طالبان کے باقی 400 قیدی رہا کرنے کی متفقہ منظوری دی گئی تھی۔
افغان طالبان نے بھی کہا ہے کہ قیدیوں کی رہائی ہوتے ہی افغان حکومت کے ساتھ براہ راست مذاکرات شروع کئے جائیں جس میں دیگر امورکے علاوہ افغانستان میں مستقل جنگ بندی پر غورکیا جائے گا۔