کراچی: شہر میں 4 روز سے جاری بارش کی تباہ کاریوں کے باعث گلشن معمار کے قریب نادرن بائی پاس جانے والا پل انتہائی مخدوش ہو گیا۔ پل کے پلر ٹیڑھے ہوگئے، جس کے باعث پل کے کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔
پل کے اوپر سے معمول کے مطابق ہیوی ٹریفک گزررہا ہے۔ متعلقہ ادارے اور انتظامیہ خواب غفلت سے جاگنے کو تیار نہیں۔ جبکہ گذشتہ سال بھی یہ پل بارشوں میں گر گیا تھا۔ جسے سندھ حکومت نے دوبارہ تعمیر کرایا تھا۔
ایک مرتبہ پھر یہ پل خستہ حالی کا شکار ہے، انتظامیہ کی جانب سے نہ تو پل کی مرمت شروع کی جا سکی اور نہ ہی اسے ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ شاید کسی سانحے کی منتظر ہے۔ کیوں کہ اوپر سے گزرنے والے ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز نہیں جانتے کہ اس پل کے پلر ٹیڑھے ہو گئے ہیں اور چھت بیٹھ رہی ہے۔