اسلام آباد:وفاقی وزیر اسد عمرنے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو محرم الحرام میں عوامی تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی خطرات موجود ہیں،تمام سیکٹرز کو کھولنے کے عمل میں ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف سیکٹرز کو کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں یوم آزادی اور محرم الحرام کے حوالے سے اقدامات بھی زیر غور آئے۔
یوم آزادی اور محرم الحرام میں کوڈ آف کنڈکٹ کی تیاری مکمل کرلی گئی،شہریوں میں سماجی فاصلوں اور ماسک پہننے کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ بتایاگیا کہ عام کپڑے کا ماسک وائرس کو روکنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
اسد عمر نے کہاکہ تمام سیکٹرز کو کھولنے کے عمل میں ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے،ابھی بھی کورونا خطرات موجود ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کورونا دوبارہ پھیل سکتا ہے۔
اسد عمر نے کہاکہ پاکستان کے لوگوں نے ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل کرکے صبر اور جوابدہی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر اسی جذبے کا مظاہرہ محرم تک کیا گیا تو ہیلتھ چیلنج کو کم کرنے میں مددگار ہوگا۔ اسد عمر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو محرم الحرام میں عوامی تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔