کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے اراکین رابطہ کمیٹی، بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ عید کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے اور صفائی و دیگر امور دیکھنے کے لئے دورہ کیا، اس دوران انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی اور ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔
عامر خان نے کہا کہ کراچی کو پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کچرے کا ڈھیربنا دیا ہے اورعدم سہولتوں نے تباہ کردیا ہے،بلدیاتی نمائندگان کو بے اختیار کرکے شہر کوبدصورت کیا جا رہا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 140-Aپر عمل درآمد کے بغیر بلدیاتی نظام درست نہیں ہو سکتا، تمام وسائل اور محکموں پر حکومت سندھ نے قبضہ کرکے عوام کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ وہ کراچی کو علیحدہ صوبہ بنانے کا مطالبہ کریں۔
عامر خان نے ضلع وسطی و شرقی کے مختلف علاقوں میں دورے کے دوران بلدیاتی نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لائیں، عوام دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے شہر کی حالت پیپلزپارٹی خراب کر رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کو آکر کام کرنا پڑ رہا ہے،عوام کو کرپٹ پیپلزپارٹی کی حکومت پر نظر رکھنی ہے،جنہیں شہر سے کوئی ہمدردی نہیں،ماضی میں بھی ہم نے اقتدار کے بغیر خدمت کی عوام کی آنکھیں کھل چکی ہیں اور وہ ایم کیو ایم پاکستان کو ہی امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں۔