کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن پر بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائمز سمیت مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز(سندھ) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے شارعِ فیصل میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے 1 ایسے ملزم کو گرفتار کیا جو بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے متعدد علاقوں میں کارروائی کی جن میں عوامی کالونی، فیروز آباد، جمشید کوارٹرز، بغدادی اور سولجر بازار شامل ہیں۔ رینجرز نے مذکورہ علاقوں سے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پاکستان رینجرز (سندھ) کے بیان کے مطابق کراچی کے متعدد علاقوں سے گرفتار ملزمان ڈکیتی، لوٹ مار، رہزنی اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
بیان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، ایمونیشن، چوری کیا گیا سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئیں۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا