میامی: امریکی ریاست فلوریڈا کورونا وائرس حملوں کیلئے نیا مرکز قرار دے دی گئی ہے تاہم ریاستی حکومت کی بد انتظامی اور رابطوں تک رسائی نہ ہونے کے باعث وباء کے مزید پھیلاؤ کے خدشات سر اٹھانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فلوریڈا میں 48 گھنٹوں میں کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ آجانا چاہئے، تاکہ نتیجہ مثبت آنے کی صورت میں متاثرہ شخص کو قرنطینہ کیا جاسکے تاہم نتیجہ آنے میں 10 روز کی تاخیر کی جارہی ہے۔
دعوے کے مطابق فلوریڈا میں ٹیسٹنگ کے نتائج تاخیر سے دینے کے باعث ریاست کورونا وائرس کیلئے تر نوالہ بن گئی ہے جبکہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساتھ ساتھ ٹیکساس بھی کورونا وائرس کے باعث شدید متاثر ہوئی۔ فلوریڈا میں ہر 50 میں سے 1 شخص کورونا وائرس سے متاثر ہے۔
کورونا وائرس کے باعث کیلیفورنیا میں اب تک 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہر روز نئے کیسز کی تعداد 10 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ ترین زیادہ سے زیادہ اموات186 ریکارڈ کی گئیں جس سے امریکی شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلا جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 45 لاکھ کے قریب جبکہ اموات 1 لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار 729 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 1 ہزار 245 مزید امریکی شہری زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ امریکی حکومت کی طرف سے جاری کردہ اموات کے اعدادوشمار کی بنیاد ڈیتھ سرٹیفیکیٹس پر رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں کورونا سے اموات 1 لاکھ 52 ہزار سے تجاوزکرگئیں