کراچی میں مون سون بارشوں کا سسٹم سمندر میں ہی ختم ہوگیا ہے جس کے بعد محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ شہرِ قائد میں آئندہ تین روز تک ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مزید تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔ اتوار سے پیر تک کراچی پر اثر انداز ہونے والا تیز بارشوں کا تیسرا اسپیل ختم ہوگیا جبکہ سسٹم کے بچے کھچے اثرات اور نچلی سطح کے بادل بونداباندی کا سبب بن سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز وتند ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، سندھ، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کشمیر کے علاقے کوٹلی اور راولاکوٹ میں ریکارڈ کی گئی۔ کوٹلی میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ خیبر پختونخؤا، لوئر دیر، کاکول، بالاکوٹ، مالم جبہ اور سندھ کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
سندھ میں کے علاقے مٹھی میں 4 جبکہ کراچی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سےز یادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ سبی میں ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کے بعد رمیز راجہ کا چبھتا ہوا تبصرہ، صارفین کی تنقید جاری