لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جمعیت علمائے (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے ایک بار پھر وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی سی میں مڈٹرم الیکشن سمیت جو بھی متفقہ فیصلہ ہوا، اس پر عمل کریں گے۔
مقامی ہوٹل میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جبکہ حکومت کیخلاف جدوجہد کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس اور حکومت مخالف جدوجہد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے فیصلوں کے مطابق چلیں گے۔ مڈٹرم الیکشن سمیت جو فیصلہ ہوا عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب جانا ہوگا۔ عید کے بعد ملاقاتوں کے ثمرات نظر آئیں گے۔ حکومت نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے موقف پر قائم ہیں۔ ناجائز اور نااہل حکومت کو جانا ہوگا۔ عید کے بعد رہبر کمیٹی تجاویز مرتب کرے گی۔ رہبر کمیٹی کی تجاویز کو اے پی سی میں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھر پہنچا کر دم لیں گے۔