اسلام آباد: وزیرِاعظم پاکستان عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے بعد کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کیلئے ٹائیگر فورس ڈے بھی منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رضاکاروں کی تعداد میں اضافے کیلئے رجسٹریشن کا عمل ایک بار پھر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یہ فیصلے معاونِ خصوصی برائے امورِ جوانان عثمان ڈار اور ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران کیے گئے۔
ملک بھر میں وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت قومی و صوبائی حکومتیں شجر کاری میں مصروف ہیں جبکہ عوام بھی شجرکاری کیلئے خاصے پرجوش ہیں جس میں ٹائیگر فورس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ مون سون کے دوران بلین ٹری سونامی مہم میں کم و بیش 1 کروڑ درخت لگانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔
ٹائیگر فورس کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان 2 روز بعد ویڈیو پیغام جاری کریں گے تاکہ نوجوان نسل شجرکاری کی صحت بخش سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور ملک کو گرین ہاؤس اثر اور دیگر ماحولیاتی و موسمیاتی ناخوشگوار تبدیلیوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔
اس حوالے سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے جوان آئندہ چند دنوں کے بعد ایپ استعمال کرسکیں گے جس کے ذریعے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگا۔ عثمان ڈار کےمطابق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگر فورس کے رضاکار اپنی ذمہ داریاں بطریقِ احسن سرانجام دیتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت حسین وزیرِ اعظم ہاؤس کی طرف روانہ ہوگئے