اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے ترکی میں قومی دن کے موقعے پر برادر اسلامی ملک سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے 2016ء میں شہید ہونے والے ترک افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سے ٹھیک 4 سال قبل یعنی 15 جولائی 2016ء کو ترکی میں ناکام فوجی بغاوت ہوئی، فوج کے چھوٹے سے دستے نے رجب طیب اردگان حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، جس میں کم و بیش 200 افراد کی جانیں گئیں۔
باغی ٹولے کے 94 افراد ہلاک عام شہریوں اور ترک فوج کے مجموعی طور پر 100 افراد شہید ہوئے جن کی یاد میں آج ترکی میں یومِ اتحاد و جمہوریہ منایا جارہا ہے۔ اس موقعے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردگان، ترک حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
اظہارِ یکجہتی کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برادر اسلامی ملک ترکی کا ساتھ دیتا رہے گا اور فیٹو (فتح اللہ گلن دہشت گرد تنظیم) کی طرف سے خطرات میں ترکی کی کاوشوں کی حمایت کرے گا جبکہ 4 سال قبل ترک عوام نے زبردست بہادری دکھائی اور ظلمت کی فوجوں کو شکست دی۔
دورانِ گفتگو وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ترک عوام نے ملک کے امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ جمہوری اداروں کا تحفظ بھی ممکن بنایا۔ ہماری دُعائیں اور نیک خواہشات ترک صدر اور عوام کے ساتھ ہیں جبکہ ترکی امن، ترقی و خوشحال اور خوشگوار مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ترک عوام کے عزم و حوصلے سے دنیا بھر میں لوگوں کو سیکھنے کا موقع ملا جبکہ یہ واقعہ عالمی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ ہم شہدائے یومِ اتحاد کو سلام پیش کرنے اور سوگوار خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترک ائیر لائن کی پاکستانی برآمد ات کیلئے سہولیات کی یقین دہانی