کراچی:صوبائی وزراء سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نان اشیو کو اشیو بنا کر ملک میں کرونا وائرس، بجلی بحران، آٹا اور چینی اسکینڈل، پیٹرول مافیا کے ہاتھوں بلیک میلنگ، پی آئی اے سمیت تمام اشوز سے توجہ ہٹائی جارہی ہے۔
موجودہ نااہل،نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کے وزراء کی بیانات نے اس ملک کو عالمی سطح پر بدنام کردیا ہے اور ان کے سلیکٹڈ وزیر اعظم اس وقت پاکستان کے ٹرمپ بنے ہوئے ہیں اور وہ ان کے فلسفہ پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نامعلوم موٹرسائیکل کی بات سمجھ نہیں آئی، یہ خود کہتے ہیں کہ عزیربلوچ قاتل ہے تو پھر علی زیدی عزیر کے خلاف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں گواہ کیوں نہیں بن جاتے۔
لیاری کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص تحریک انصاف نے بھی عزیر بلوچ کو ان کی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی اور خود موجودہ صدر پاکستان، گورنر سندھ اور علی زیدی نے ایک موجودہ ان کے رکن قومی اسمبلی کے بنگلے میں ان کی دعوتیں کی۔
عمران خان اور ان کی جماعت دہشتگردوں کا سیاسی ونگ بنا ہوا ہے اور اس کے تمام شواہد موجود ہیں۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے حوالے سے نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس بار کے ایم سی، لوکل گورنمنٹ اور نیسپاک مل کر کام کررہے ہیں اور اس کے لئے باقاعدہ ایسی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے کہ ہر سال اس طرح کے معاملات نہ ہوں۔
ان خیالات کا اظہار ان دونوں صوبائی وزراء کے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات سندھ روشن شیخ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پی آئی اے کی فلائٹس پر پابندی کے باعث وہ نقصان اس ملک کو ہورہا ہے، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور یہ صرف اور صرف ان نااہل، نالائق اور سیلکٹیڈ وزراء کے بیانات کے باعث ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اسٹیل مل کی طرح موجودہ حکومت کسی کے اشارے پر پی آئی اے کو بھی تباہ کرکے اپنے اے ٹی ایم کو دینا چاہتی ہے اور ان کے پس پشت کوئی خطرناک اسباب ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ نے پی آئی اے، چینی کمیشن سمیت کئی چیزوں کا نوٹس لیا ہے اور حیرت کی بات تو یہ ہے کہ شوگر کمیشن کی رپورٹ کے خلاف جن شوگرملزوالوں نے اپیل کی ہے، اس میں جہانگیرترین اورخسروبختیاربھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالرکی قیمت اورآٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ راتوں رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 سے 27 فیصد اضافہ پیٹرولیم مافیا کے دباؤ پر کردیا جاتا ہے۔ تو چینی اسکینڈل کے نام پر اس ملک کے غریب عوام کو 300 ارب کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے۔
اس وقت پنجاب میں آٹے کا بحران شدت اختیار کررہا ہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ اس کے اثرات سندھ میں بھی آسکتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے نالائق اور نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں کہ پاکستان میں کرونا وائرس میں کمی آئی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کرونا وائرس متاثرین میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ پاکستانی ٹرمپ اب امریکن صدر ٹرمپ کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
اس وقت امریکی ٹرمپ اورخان صاحب میں کوئی فرق نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال قبل کی جے آئی ٹی کو آج صرف اس لئے اشیو بنایا جارہا ہے کہ ان تمام اشیوز سے عوام کی نظروں کو ہٹا دیا جائے۔