اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں ماحول کا تحفظ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں 15 نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑا قدم ہے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ماحول کو محفوظ بنانے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالامال ہے، ہمیں اسے اجاگر کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں مری اور گلیات کو تباہ ہوتے دیکھا ہے، سیاحتی علاقے کھولنے سے پہلے ان کیلئے قوانین ہونے چاہئیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 15 نیشنل پارکس کا فیصلہ آئندہ نسلوں کیلئے بڑا قدم ہے، گائیڈ لائنز دیں گے کہ کیسے نیشنل پارکس کو محفوظ بنانا ہے، نیشنل پارکس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، لوگوں کوروزگار ملے گا تو وہ ان پارکس کا تحفظ کریں گے، اس کے باعث صحت مند ماحول بھی میسر آئے گا۔
وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ہمارے شہروں کے ماسٹر پلان تک موجود نہیں،جس کے باعث شہر تباہ ہو رہے ہیں، ماسٹراور ٹاؤن پلاننگ کر کے اپنے شہروں کو بچائیں گے۔