فلورنس: اٹلی میں پولیس نے ممنوعہ دوا کا کنٹینر پکڑ لیا ہے جس کا تعلق مبینہ طور پر عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے بیان کیا جاتا ہے جس سے کروڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسمگل کی گئی دواؤں پر مشتمل کنٹینر سے کم و بیش 1 ارب 13 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کی ممنوعہ دوا برآمد کی گئی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹا گون کے نام سے توانائی پیدا کرنے والی دوا کی کاربن کاپی شام میں تیار ہوئی جسے فروخت کرکے داعش کے جنگجوؤں کی مالی امداد کی جانی تھی۔
آئی ایس آئی ایس (داعش) کے جنگجو دوا سے ہونے والی مالی امدادسے عالمی دہشت گردی کو فروغ دینا چاہتے تھے، تاہم اٹلی پولیس نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔
اٹلی پولیس نے سیلرنو پورٹ پر آپریشن کرتے ہوئے پہیوں اور کاغذ کے ڈرمز میں چھپائی گئیں 13 ٹن سے زائد وزن کی حامل گولیاں برآمد کیں جبکہ یہ بھاری بھرکم سازوسامان پولیس کے مطابق ورلڈ ریکارڈ ہے۔
دوسری جانب پولیس معاملے کی ہر زاویے سے تحقیقات میں مصروف ہے۔ مقامی مافیا سے اسمگل شدہ دوا کے تعلق پر بھی تفتیش جاری ہے جبکہ کیپٹا گون نامی دوا خواب آور تصور کی جاتی ہے۔
عام طور پر بے خوابی کے شکار افراد اور نیند کی کمی کے علاج کیلئے یہ دوا استعمال کی جاتی ہے جسے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے انسان ہلاک بھی ہوسکتا ہے۔