اسلام آباد: پی ٹی اے نے پب جی گیم پر پاکستان میں عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پب جی گیم کو مختلف طبقات کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے پر معطل کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی پب جی کے حوالے سے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی، عوامی شکایات پر پب جی گیم کے خلاف سماعت 10 جولائی کو ہوگی۔
پی ٹی اے کو پب جی کے خلاف بے شمار شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ یہ گیم اپنا عادی بنادیتا ہے، وقت کا ضیاع اور بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پر سنگین منفی اثرات کا باعث بن رہا ہے۔ اس لئے اس پر پابندی عائد کی جائے۔
واضح رہے کہ پب جی گیم بعض افراد کی خودکشی کا سبب بھی بنا ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی پی ٹی اے کو شکایت کرنے والوں سے بات کرکے اس معاملے کو دیکھنے اور فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔