صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پاگل کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، 3 سالہ کمسن بچے احمد کو کتے نے بھنبھوڑ ڈالا جس کے بعد بچے کو ہسپتال منتقل ہونا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے جلیل ٹاؤن میں سٹیلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود کے اندر پیش آیا جہاں میونسپل کمیٹی نے بڑھتے ہوئے سگ گزیدگی کے واقعات پر چشم پوشی اختیار کرتے ہوئے چپ سادھ رکھی ہے۔
شہر بھر میں پاگل کتوں کے کاٹنے سے شہری زخمی ہو کر ہسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ متعلقہ محکمہ ابھی تک سویا ہوا ہے جبکہ تازہ ترین واقعہ جلیل ٹاؤن میں پیش آیا جہاں گھر کے باہر کھڑے کمسن بچے کو خونخوار کتے نے دبوچ کر شدید زخمی کر ڈالا۔
پاگل کتے کے کاٹنے سے 3 سالہ احمد بری طرح زخمی ہے۔ کتے کے بے دردی سے کاٹنے کے باعث احمد کا سر، گال، کان اور جسم کے مختلف حصے شدید زخمی ہوئے۔ کمسن بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بچے پر کتے نے اچانک حملہ کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے کو کتے نے زمین پر گرا دیا اور جسم کے مختلف حصوں پر کاٹتا رہا جبکہ متعلقہ محکمے خوابِ خرگوش کے مزے لینے میں مصروف ہیں۔ عوام الناس نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سگ گزیدگی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پاگل کتوں کو مار کر شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔