اسلام آباد:وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل 112 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ اس کے برعکس ہم نے صرف 25 فیصد قیمت بڑھائی، ہم نے عوام کوپٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دیا۔پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی موجود تھے۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت جنوب مشرقی ایشیاء میں اس وقت بھی سب سے کم ہے،انہوں نے کہا کہ 46 دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 112 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ہم نے پاکستان میں پٹرول مصنوعات کی قیمت تقریباً 25 فیصد بڑھائی گئی ہے۔اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ہم نے عوام کو ریلیف دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے،انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مافیاز اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ ہے، ان کو بھی بے نقاب کریں گے، مسلم لیگ (ن) نے 2015ء میں مافیاز کو تحفظ فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ ہم مافیا زکو توڑیں گے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کے لئے اوگرا کو مضبوط بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر قانونی پیٹرول پمپوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، اوگرا کی طرف سے کئے جانے والے جرمانے ناکافی ہیں، 30 دنوں میں تمام آئل ڈپوز کے اعداد و شمار براہ راست دستیاب ہوں گے، آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاور ڈویژن میں میرا کوئی عمل دخل نہیں، اپنے اثاثوں کی تفصیلات کابینہ میں جمع کروا دی ہیں، وزیراعظم چاہیں تو اسے پبلک کر دیں۔