کراچی:کورونا وائرس کے خطرے کے سائے میں کراچی سپرہائی پرایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سخت ایس اوپیز کے ساتھ اپنے جوبن پرآچکی ہے،وقفے وقفے سے ایس اوپیزپرعملدرآمد کرانے کے لیے اعلانات کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔شہریوں سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
سپر ہائی وے کی مویشی منڈی میں چھ ہزار سے زائد قربانی کے جانوروں کی آمدکے ساتھ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ منڈی کا رخ کرنے والوں کیلئے ایس اوپیز بھی اس بار سخت تیارکیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مویشی منڈی کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ چھ ہزار سے زائد جانوروں کے ساتھ مویشی منڈی اپنے رنگ دکھانے لگی ہے اور پنجاب،بلوچستان،سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں سمیت کراچی سے بھی ہررنگ ونسل کا جانورقربانی کیلئے مویشی منڈی لایا جاچکاہے۔
کورونا وائرس کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے ایس اوپیزپر عملدرآمدکیلئے وقفے وقفے سے لاؤڈاسپیکرکے ذریعے لوگوں کوایس اوپیزپر عملدرآمد کیلئے خبردارکیاجارہاہے۔
ترجمان نے بتایا کہ منڈی کے اندرداخل ہوتے ہی لوگوں پرجراثیم کش اسپرے اورمیڈیاہاؤس کوبھی سینیٹائز کیا جارہاہے،ماسک نہ پہننے والوں کا داخلہ بند اورایس اوپیز پرعملدرآمد نہ کرنے والے بیوپاریوں کے اسٹالز کینسل کردئیے جائیں گے۔