کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے حق پرست رکنِ صوبائی اسمبلی صداقت حسین کے گھر پر فائرنگ کے باعث 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں رکنِ سندھ اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایم پی اے صداقت حسین کے دو رشتہ دار زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والوں میں رکنِ اسمبلی کے بھائی اور بہنوئی شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب فائرنگ ہوئی صداقت حسین بھی اپنے بھائی اور بہنوئی کے ہمراہ گھر کے باہر موجود تھے، تاہم فائرنگ سے وہ بال بال بچ گئے۔
متحدہ ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے رکنِ سندھ اسمبلی کے بھائی اور بہنوئی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔کئی دنوں سے سیکورٹی طلب کرنے کے باوجود رکنِ سندھ اسمبلی کو سیکورٹی نہ دی جاسکی تاہم ایم پی اے صداقت حسین کے بھائی اور بہنوئی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ضلع غربی کے ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے جیو فینسنگ جاری ہے۔ ملزمان کی شناخت جلد ہوجائے گی جس کے بعد انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ رکنِ سندھ اسمبلی اور ان کے رشتہ داروں پر حملہ کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریکِ انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی طرف سے مذمتی بیانات بھی جاری ہونا شروع ہو گئے۔ متحدہ نے کہا کہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
پاکستان تحریکِ انصاف سمیت ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ اگر ایک رکنِ سندھ اسمبلی کی جان خطرے میں ہے تو عوام الناس کا کیا حال ہوگا؟ سندھ حکومت فوری طور پر ایکشن لے۔