سکھر میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کی بنیاد رکھنے والے مشہورو معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نثار صدیقی کا آج کراچی میں انتقال ہوگیا جس پر سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے افسوس کااظہار کیا ہے۔
مشہورومعروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کی تدفین ضلع خیر پور کے قصبے پریالوئی میں ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کی عمر 77 برس تھی۔
شہرِ قائد میں دل کے مرض کے باعث گزشتہ 7 روز سے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج وائس چانسلر آئی بی اے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی نے ورثاء میں 4 بیٹیاں اور 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔
مرحوم پروفیسر ڈاکٹر نثار صدیقی وائس چانسلر کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ میں اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے جن میں ہوم سیکریٹری، چیف سیکریٹری اور کمشنر سکھر کے عہدے شامل ہیں۔
سیپکو (سکھر الیکٹرک پاور کمپنی) کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پروفیسر نثار صدیقی کی پوری زندگی حصولِ علم اور فروغِ علم سے عبارت تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے پروفیسر نثار صدیقی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر آئی بی اے کا انتقال پاکستان کا عظیم نقصان ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ میں پروفیسر نثار صدیقی کے ساتھ بہت قریب رہتے ہوئے کام کرچکا ہوں۔ اندرونِ سندھ کیلئے پروفیسر نثار صدیقی جدید دور کے سر سیّد احمد خان قرار دئیے جاسکتے ہیں۔
ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پروفیسر نثار صدیقی نے اعلیٰ تعلیم کیلئے اندرونِ سندھ آئی بی اے کی تخلیق سے نثار صدیقی نے صوبے کے عوام کیلئے بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔
Great loss to Pakistan. I had the pleasure of working very closely with Mr Nisar Siddiqui. He was indeed modern day Sir Syed Ahmad for Interior Sind, where he created IBA as a world class platform for higher & community learning. May Allah Bless his soul Ameen! @IBASukkur pic.twitter.com/lXat4ujfx3
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) June 22, 2020