اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں کل وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے جبکہ یہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگا۔ کابینہ اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر غور کرے گی جبکہ کوورنا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کا 7 نکاتی ایجنڈا کابینہ ممبران کو ارسال کر دیا گیا۔ وفاقی کابینہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام میں توسیع کا فیصلہ بھی کرے گی۔ اس سلسلے میں وزارت مہاجرین کی جانب سے افغان مہاجرین کی توسیع کے حوالے سے سمری پیش کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ قصر ناز کراچی اور چمبہ ہاؤس لاہور کو لیز پر دینے کے معاملات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
وزارتِ پاکستان میں سیٹلائٹ خدمات کے لائسنس دینے سے متعلق آئی ٹی پالیسی رہنما اصول جاری کرے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے تمام ملازمین تک لازمی بحالی ایکٹ کے نفاذ کے معاملے کو ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بستر ، آکسیجن اور دوائیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔پاکستان کو متوازن حکمت عملی کے ساتھ کورونا کا سامنا کرنا ہے۔انہوں نے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔