پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو قبائلی اضلاع سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قباِئلی اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ کرنا پورے پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
ضم اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ کا 3 فیصد حصہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا جناح اسپتال سے موازنہ کیا تاہم میں تفریق نہیں کروں گا ہمارے لیے تمام ڈاکٹرز ہمارے سروں کے تاج ہیں۔
اجمل وزیر نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ پر وطن واپس آنے والوں کیلئے انتظامات مکمل ہیں، پشاور ائیرپورٹ پر 5 تھرمل اسکینر لگائے گئے ہیں اور وہاں پرمحکمہ صحت کا عملہ اور ڈاکٹرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا علامات والے مسافروں کو قرنطینہ منتقل کیاجاتا ہے، قرنطینہ میں موجود مسافروں کا خیال رکھا جائیگا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مچھ ڈسٹرکٹ میں سیاست سے بالاتر ہوکر صحت سہولت کارڈ دے رہے ہیں۔
بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجٹ میں کسی قسم کے ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کیلئے318ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ صحت کیلئے124ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے24 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔