کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کراچی، گھوٹکی، لاڑکانہ میں رینجرز پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا سندھ میں ایک بار پھر امن و امان خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تینوں واقعات دہشتگردی کے ہیں، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملہ کھلی دہشتگردی ہے، ایک سازش کے تحت دوبارہ کراچی کا امن تباہ کیا جارہا ہے۔ بڑی قربانیاں دینے کے بعد کراچی کا امن بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کراچی کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ حکومت احساس کیش ایمرجنسی سینٹروں پر سیکیورٹی اور انتظات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، واقعے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آئی جی سندھ احساس کیش ایمرجنسی سینٹروں پر مکمل سیکیورٹی فراہم کریں، تینوں واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔