واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر لیری کڈلو نے کہا ہے کہ امریکہ کی اقتصادی صورت حال میں بہتری کے آثار نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اگلا سال معاشی لحاظ سے مستحکم ہو گا۔ہم بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر لیری کڈلو نے کہاکہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس پر جو منفی اثرات پڑے تھے، وہ زائل ہونا شروع ہو گئے اور اب اچھا وقت قریب ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2021 معاشی اعتبار سے ایک مستحکم سال ہو گا۔وائٹ ہاوس کے مشیر نے کہا کہ اضافی رقم جولائی کے آخر تک دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو کام نہ کرنے کے باوجود جو پیسے دے رہے تھے، وہ ان کی تنخواہوں سے بہتر تھے۔
وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر لیری کڈلو نے امریکی معیشت کی بحالی کی نوید سنانے کے ساتھ یہ بھی کہا کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، جو باعث تشویش ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز امریکہ میں ہیں۔ بیس لاکھ سے زیادہ افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
مشیر کڈلو کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں مئی کے ماہ میں 13 اعشاریہ 3 فی صد بے روزگاری کی شرح تھی۔