اسلام آباد: وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گھر سے ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی میں شفٹ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اپنے آپ کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق گزشتہ روز رات کے وقت انہیں ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرادیا گیا۔
ترجمانِ ریلوے کے مطابق شیخ رشید احمد کی طبیعت بہتر ہے جنہیں علاج کی بہتر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد کی طبیعت اچانک زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ترجمان ریلوے نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ رابطہ ہونے پر معلوم ہوا ہے کہ شیخ رشید کی طیبعت پہلے سے بہت بہتر ہے۔
دوسری جانب وزیرِریلوے شیخ رشید احمد نے ہسپتال سے عوام الناس کیلئے دئیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرا کورونا وائرس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف علاج کے دوران اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال کر رہا ہے۔
بیان میں وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ میری جلد صحتیابی کیلئے دُعائیں کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کو سنجیدہ لیں۔
وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں اور سماجی فاصلے کا اہتمام کریں۔ بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں اور زیادہ وقت گھر پر رہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو ٹیلیفون کرکے ان کی صحت دریافت کی اورجلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کورونا وائرس کاٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیاتھا اورکہا تھا کہ میں نے خود کو گھرمیں قرنطینہ کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی شہباز شریف اور شیخ رشید کی صحت یابی کیلئے دعا