اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث بد قسمتی سے آئندہ چند روز کے دوران پاکستان میں زیادہ اموات ہوں گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایس او پیز کی خود نگرانی کروں گا، جس صوبے میں ایس اوپیزپرعملدرآمد نہیں ہوگا ایکشن لیں گے اور صوبے کومکمل بند کردیا جائے گا، لوگوں کی صحت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کہا جارہا ہے کہ حکومت پالیسی درست نہیں، لگتا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کورونا سے زیادہ اموات ہوں، عمران خان نے کہا کہ آئندہ وزیر اعظم ہاؤس سے ایس او پیز کا جائزہ لیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہم نے بھارت جیسالاک ڈاؤن نہیں کیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران بھارت کے 84 فیصد گھرانوں کی آمدن کم ہوئی،بھارت میں تین کروڑ نوجوان لوگ بیروز گار ہو گئے۔
ہم جانتے تھے کہ لاک کھولنے سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا، مگر لوگ بھوک سے نہ مرجائیں اس لئے ایسا کیا، پہلے دن سے کہہ رہا تھا غریب لوگوں کا سوچنا ہو گا، ہم اس لیے بچے کیونکہ ہم نے پوری طرح لاک ڈاؤن نہیں کیا۔ احساس کیش پروگرام میں 120ارب روپے تقسیم کئے گئے، جس کے باعث ہمارے حالات بھارت جیسے نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس 4گھنٹے میں 25ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ دنیا بھر کے حالات کو دیکھنے کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کو ترجیح بنایا۔
وزیراعظم نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ ایس اوپیزپرسب عمل کریں۔ اس میں ہم سب کا فائدہ ہے، اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو اسپتالوں میں جگہ ختم ہوجائے گی، نیویارک کے اسپتالوں میں بھی وینٹی لیٹرزکی کمی ہوگئی ہے۔