کراچی: سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی بڑی کارروائی،لینڈ گریبنگ میں ملوث ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی (تعینات بلدیہ ٹاؤن) کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر پر جعلی لیزیں بنانے کا بھی الزام ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر ابراہیم نے عہدے کا ناجائز استعمال کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کمیٹی ون کی جانب سے گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ویسٹ زون اینٹی کرپشن جام ظفر اللہ دھاریجو نے بتایا کہ چیف سیکریٹی سندھ کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رشیدہ اسحاق نامی خاتون کی جانب سے دو پلاٹوں پر قبضے کی درخواست دی گئی درخواست کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔
ملزم محمد ابراہیم گریڈ 17 کا افسر ہے، ملزم نے رشیدہ اسحاق کے پلاٹوں پر جعلی لیزیں دے کر قبضہ کروایا،محمد ابراہیم کے دو ساتھی مفرور ہیں، مفرور ساتھیوں میں ایک سرکاری ملازم ایک پرائیویٹ شخص ہے۔
بلدیہ ٹاؤن سیکٹر ڈی تھری میں قبضہ مافیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر کا گٹھ جوڑ ہے، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے بعد مزید ملوث کے ایم سی افسران کی گرفتاری کا امکان ہے۔