جموں کشمیر:مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے کالاکوٹ کے مہری گاؤں میں بھارتی فوج کے آپریشن کے دوران ایک اور کشمیری نو جوان شہید ہوگیا،واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
بھارتی فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر کالاکوٹ کے دھرم سال کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔
بھارتی فوجی حکام کے مطابق تلاشی کے دوران عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے بعد تصادم شروع ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں 4 سے 6عسکریت پسند موجود تھے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیریوں کے خلاف مہم میں تیزی لائی ہے۔ گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے کنگن علاقے میں ایک تصادم میں تین نوجوان شہید ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ پر مسلسل دباؤ بڑھایا جارہا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر مداخلت کرے،مگر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں کشمیر کے معاملے پر اپنی آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ آئے روز بھارتی فوج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو دہشتگردی کے کھاتے میں ڈال کرموت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔