اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے خطاب کو قوم سے مذاق قرار دے دیا، سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن کے خاتمے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا عمران خان کو علم تھا تو انہوں نے لاک ڈاؤن کو ختم کیوں کیا؟
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کورونا وائرس کا پھیلاؤ روک کر انسانی زندگیاں نہیں بچاسکتی تو حکومت کا کام کیا ہے؟ انہوں نے لاک ڈاؤن ختم کیوں کیا؟ جس کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اس نازک وقت میں عوام کی زندگیاں بچانے کے بجائے شرم ناک حد تک ضد پر اڑے ہوئے ہیں اور صرف اپنی من مانی کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان ہلاکتوں کی تفصیلات بتارہے ہیں اور دوسری جانب اللہ کا شکر ادا کررہے ہیں، عمران خان کنفیوژن پھیلا کر غریب آدمی کو کورونا وائرس کا آسان شکار بنارہے ہیں۔
شیری رحمان نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ عمران خان وضاحت کریں کہ کیا ٹائیگر فورس ملک میں لاء انفورسمنٹ کے اداروں کا متبادل ہے؟ خود ایس او پیز کی دھجیاں اڑا کر عمران خان کس منہ سے عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی تلقین کررہے ہیں؟