لاہور:سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے،انہوں نے اپنی صحت یابی سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ میں وائرس کو شکست دے چکا ہوں اور اب مکمل صحت یاب ہوں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مجھ پر اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہوا ہے اور اب میں مکمل صحت یاب ہوچکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سب لوگ اپنا خیال رکھیں اور تمام احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔
انہوں نے واضح کہا کہ اگر خدانخواستہ کورونا ٹیسٹ پازیٹو آجائے تو پریشان نہ ہوں، اپنی قوت معدافت بڑھانے پر توجہ دیں، میری طرح خود کو گھر پر آئسولیٹ کرکے ایک کمرے تک محدود کرلیں، بچوں اور گھر میں موجود معمر افراد سے دور رہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس وبائی مرض کے باعث متعدد کھیلوں سے وابستہ شخصیات، سیاسی افراد اور شوبز سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں، جن میں بعض اس وباء کو شکست دینے میں کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ بعض ابھی علاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔