بلوچستان کی صوبائی حکومت نے پاکستان سمیت صوبے بھر میں کورونا وائرس کے خلاف نافذ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت ہفتے میں 1 روز چھوڑ کر ہر روز صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کاروباری مراکز کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ محکمۂ داخلہ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
محکمۂ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت دکانیں صرف ہفتے سے لے کر جمعرات تک کھولی جاسکیں گی جبکہ جمعے کے روزدکانیں اور کاروبار بند کردئیے جائیں گے تاہم کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل اسٹورز تمام دن کام جاری رکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ تندور، دودھ کی دکانیں اور ضروریاتِ زندگی کی اشیاء سے متعلق دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔ ریسٹورنٹس کو صرف پارسل کے ذریعے خریدوفروخت کی اجازت ہوگی تاہم ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد ہوگی۔
دورانِ لاک ڈاؤن مذہبی اجتماعات، سیاسی و سماجی تقاریب اور دیگر عوامی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں گی۔ بین الاضلاعی بس سروس اور شہر سے شہر آمدورفت کا سلسلہ منقطع رہے گا۔
تعلیمی ادارے بھی بلوچستان میں 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شادی ہالز، پکنک پوائنٹس، کلبز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے میں 2 دن کے دوران مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ملک کو درپیش صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور صوبوں کی تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کئے گئے۔
مزید پڑھیں: قومی رابطہ کمیٹی کا ہفتے میں 5دن کاروبار کی اجازت دینے کا فیصلہ