لداخ میں فوجی تناؤ کا ذمہ دار بھارت ہے،صدر آزادکشمیر

مقبول خبریں

کالمز

Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
پرتگال اور پاکستان کے درمیان 75 سالہ خوشگوار سفارتی تعلقات
Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
دھوکا دہی کے بدلے امن انعام؟
Ceasefire or a Smokescreen? The US-Iran Next Dialogue of Disillusions
جنگ بندی یا دھوکہ؟ امریکا اور ایران کے درمیان فریب پر مبنی اگلا مکالمہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لداخ میں فوجی تناؤ کا ذمہ دار بھارت ہے،صدر آزادکشمیر
لداخ میں فوجی تناؤ کا ذمہ دار بھارت ہے،صدر آزادکشمیر

مظفرآباد: صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کمزوروں کو آنکھیں دکھانا اور طاقتور کے آگے بھیگی بلی بن جانا بھارت کی پرانی عادت ہے۔ بھارت کی فوج گزشتہ اکہتر سال سے نہتے اور پرامن کشمیریوں کو قتل کرنے کے علاوہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان پر حملہ کر کے قبضہ کرنے اور پاکستان کو جنگ کی بھٹی میں جھونکنے کی دھمکیاں دیتی چلی آرہی ہے جس کا دنیا نے نوٹس نہیں لیا۔

اب نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے چین اور نیپال کے ساتھ بھی پنگے بازی شروع کر دی تھی جس کا چین نے نوٹس لیا ہے۔

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت چین کے مقابلے میں تو کچھ نہیں کر سکتا لیکن آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی آزادی اور سلامتی کو بھارت کے ہاتھوں سخت خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطہ میں جنگ کا سبب بن سکتی ہے جس کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ جنگ بچوں کا کھیل نہیں ہے لیکن بھارت کے انتہاء پسند حکمران مودی کی قیادت میں مسلسل ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو خطہ میں تباہ کن جنگ کا سبب بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہمسایہ ممالک خاص طور پر پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ رویہ جارحانہ ہے جبکہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی اور اس کی نظریاتی ماں آر ایس ایس خطہ میں جنگی ماحول پیدا کر کے سیاسی فائدہ اٹھانے کا خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی 28مئی 1998کو حاصل ہونے والی ایٹمی صلاحیت پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت نے ملک کو ایک ناقابل تسخیر حصار بنا دیا ہے۔ ایٹمی صلاحیت ملک کے لئے تلوار بھی اور ڈھال بھی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم اس کو تلوار کے بجاے ڈھال کے طور پر استعمال کریں لیکن ہمیں ایک مکار اور ناقابل اعتبار دشمن کا سامنا ہے جو کسی وقت کچھ بھی کر سکتا ہے۔

صدر آزادکشمیر نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت نیو کلیئر تھریش ہولڈ کے نیچے یا اس کے آس پاس کوئی فالس فلیگ آپریشن، محدود جنگ یا ہائبرڈ وار یا کچھ بھی کر سکتا ہے۔ بھارتی حکمران اور ہندو انتہاء پسند تنظیموں کا اکھنڈ بھارت کا خواب بہت پرانا ہے لیکن یہ خواب پہلی بار پاکستان بننے کے بعد چکنا چور ہوا تھا لیکن بھارت کے نیتاؤں نے پاکستان کے وجود کو کبھی بھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور وہ سات دہائیوں سے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مسلسل سازشیں کر رہے ہیں۔

لداخ میں چین بھارت سرحدی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت کو ٹھہراتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ چین جنگ پر یقین رکھنے والا ملک نہیں لیکن بھارت مسلسل اشتعال دلا کر چین کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر ایسا ہوا تو چین اس کا سخت جواب دے سکتا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کو دونوں ملکوں کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس منصوبے کو خطراب سے دوچار کرنے کی کوشش کا بھر پور مقابلہ کیا جائے گا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام جنگ اور تباہی پر یقین نہیں رکھتے لیکن اگر بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں فوجی مظالم نہیں روکتا تو جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام اور جنگ نہ ہونے کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

Related Posts