سپریم کورٹ آف پاکستان نے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران شہرِ قائد کی تمام مارکیٹس کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کیلئے تشکیل دئیے گئے تین ججز پر مشتمل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کر رہے ہیں۔بنچ میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس طارق مسعود،جسٹس مظہر عالم خان اور جسٹس قاضی امین بھی شامل ہیں۔
ججز بنچ نے سپریم کورٹ میں آج کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کی جس کیلئے گزشتہ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل، سیکریٹری صحت اور چیف سیکریٹریز کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو تمام مارکیٹس کھولنے کی ہدایت کی۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا کراچی میں چند مالز کے علاوہ تمام مارکیٹس کھلی ہیں؟ حکومتی نمائندوں نے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شہرِ قائد میں مارکیٹس لاک ڈاؤن کے باعث زیادہ تر بند ہیں۔
کیس پر ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ زینب مارکیٹ میں زیادہ تر غریب لوگ آتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ زینب مارکیٹ میں لوگوں سے ایس او پیز پر عمل درآمد کروائے۔ آپ نے ایس او پیز پر عمل کرانا ہے۔ مارنا یا ڈرانا نہیں ہے۔