اسلام آباد: کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے باعث ایک بڑی تعداد میں عوام الناس بے روزگاری کا شکار ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان بے روزگار افراد کیلئے احساس کیش پروگرام آج شروع کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم آفس نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا اجراء کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان (@ImranKhanPTI) آج کرونا وبا کے باعث بے روزگار ہونے والےافراد کے لیے احساس ایمرجنسی کیش فراہمی پروگرام کا اجرا کریں گے۔#COVID19 pic.twitter.com/y15yg12TS7
— Prime Minister's Office (@PakPMO) May 18, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام مستحقین کیلئے زندگی کی آخری امید ثابت ہوا جبکہ رقم پانے والے متعدد مستحق افراد نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ٹوئٹر پر1 ماہ قبل وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفط اور احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کراچی کے رہائشی احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ایک صارف کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی ثانیہ نشتر کے مطابق کراچی کے رہائشی صارف بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مقیم ہیں اور احساس پروگرام کی بائیو میٹرک ادائیگی کی سہولت کے باعث انہوں نے 12 ہزار کی امدادی رقم حبیب بینک کے تعاون سے مستونگ سے وصول کی۔
مزید پڑھیں: احساس پروگرام سے رقم پانے والے افراد وزیرِ اعظم کے شکر گزار