کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ روز انہ ایک بلیٹن پڑھتے ہیں جو خوف پھیلانے کا بلیٹن ہوتا ہے، حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ لسانیت پھیلاتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کے تحت کراچی کی معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے عمران خان کی حکومت کو ناکام بنانے کیلئے کراچی کو بند کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں حالات اتنے خراب نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ بند کر دی ہے، اب کہتے ہیں عید کے بعد ٹرانسپورٹ کھولیں گے۔ حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ فوری کھولی جائے۔تاکہ غریب ٹرانسپورٹرز کو روزی میسر آسکے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتالوں میں لوگوں کو خوار کیا جارہا ہے، ٹیسٹوں کی مد میں بھاری رقوم کی جارہی ہیں، موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت کو چاہئے کہ لوگوں کوسہولیات میسر کرے ناکہ ان کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث بنے۔