اسلام آباد:سینیٹر رحمان ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا مزید تباہی کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے، عوام اپنی دوسروں کی حفاظت کیلئے سخت اختیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایس او پیز پر لازمی عمل کریں۔
سینیٹر رحمان ملک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں سے نہ نکلیں اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے بتائے گئے ایس او پیز پر لازمی عمل کریں، اس میں آپ کا اور سب کافائدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مستحق و غریب مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے چارجز خود برداشت کرے، میری ہدایات پر سیکرٹری داخلہ نے متعلقہ ادارے کو غریبوں کا فری کورونا ٹیسٹ کیلئے خط لکھاہے۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو داد دیتا ہوں کہ انھوں نے میری ہدایات پر بروقت خط لکھا، حکومت اگر کورونا ٹیسٹ کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتی تو کورونا فنڈ تشکیل دے۔
فنڈ میں مخیر حضرات سے چندہ و عطیات جمع کرنے کی اپیل کی جائے، امید ہے کہ غریبوں کے فری ٹیسٹ کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بھی بھرپور مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف تین لاکھ سے نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے سے کورونا پھیلاؤ کا صحیح اندازہ لگے گا، اس لئے حکومت کو چاہئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ جلد سے جلد کرنے کی کوشش کرے۔تاکہ صحیح صورتحال سامنے آسکے۔