اسلام آباد: وزیرِ اعظم کی سابق معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایسی خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو سے ملاقات کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ ایسی خبریں پھیلانے والے اپنی اہمیت بنانا چاہتے ہیں۔
سابق معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھوں گی۔ پیپلز پارٹی سے روابط کی خبریں غلط ہیں۔
واضح رہے کہ سابق معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کے امکانات پر خبریں گردش میں تھیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف سے اپنی سیاسی وابستگی میں دراڑ پیدا ہونے کے تمام خدشات کو مسترد کردیا ہے۔
بلاول بھٹو سے ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلانے والے اپنی اہمیت بنانا چاہ رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھوں گی۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) May 13, 2020