اسلام آباد:افغانستان کے دارالحکومت میں گزشتہ روز دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارحانہ بلے باز شاہد آفریدی نے افسوس کا اظہار اورواقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کابل میں معصوم بچوں اور عورتوں پر حملہ بربریت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی مثال نہیں ملتی کہ معصوم بچوں اور عورتوں کو اس طرح بربریت کا نشانہ بنا جائے۔
گزشتہ روز افغانستان میں زچہ بچہ اسپتال اور نماز جنازہ کے دوران ہونے والے ہولناک حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں ان دونوں قتل و غارت کا بازار ایک بار پھر گرم ہوچکا ہے، جبکہ افغان طالبان اور افغان سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔اس کے باوجود بھی آئے روز اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔