کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شہرہ آفاق فاسٹ باؤلروسیم اکرم نے نوجوان فاسٹ باؤلرز کو زیادہ سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ موجودہ دور نے روایتی کرکٹ کے انداز بدل دیئے ہیں۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ باؤلر نہیں بناتی۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو باؤلنگ سیکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ہمارے دور میں چھ ماہ قومی ٹیم کیلئے کھیلنے کے بعد چھ ماہ کاؤنٹی کیلئے وقت مل جاتا تھا۔
1984ء میں عالمی کرکٹ کے افق پر نمودار ہونیوالے سوئنگ کے سلطان پاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب ترین باؤلر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں آنے کے بعد سابق کپتان عمران خان اور جاوید میانداد نے میرے بارے میں تبصرہ کیا تھا کہ اس لڑکے میں خاص ٹیلنٹ موجود ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ جب میں نے عمران خان اور جاوید میانداد سے پوچھا کہ مجھ میں کیا خاص بات ہے تو انہوں نے بتایا کہ تمہاری اسپیڈ اور سوئنگ تمہیں دوسروں سے ممتاز بناتی ہیں۔
مزید پڑھیں:وسیم اکرم نے کھانا بنانا کیوں شروع کردیا، اصل وجہ سامنے آگئی