کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ملک میں زرعی بحران کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو ٹڈی دَل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں ٹڈی دَل فصلوں پر حملے کر رہی ہے۔ یہ مسئلہ صرف سندھ کا نہیں پورے ملک کی زراعت کا ہے۔ اس لئے اس طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے قائد جناب آصف علی زرداری نے ایک سال قبل ٹڈی دَل کے حملوں کے خدشے کا اظہار کیا تھا مگر صدر آصف علی زرداری سے تعصب کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت نے اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی۔
ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وفاق کو آنکھیں بند کرکے غذائی قلت کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ نالائق وفاقی حکومت کی مجرمانہ خاموشی کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔
ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس تباہی سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں سے مل کر ٹڈی دَل کے خاتمے کے لئے فوری متحرک ہو جائے۔تاکہ فصلوں کو موجودہ خطرات سے محفو ظ رکھا جاسکے۔
مزید پڑھیں: مراد سعید کے بیان پر پی پی رہنما عبد القادر پٹیل کا رد عمل سامنے آگیا