واشنگٹن : امریکا میں کورونا وائرس کے باعث بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یورپ نے اپنی سرحدوں کو مزیدایک ماہ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث دنیا میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہلاکتوں اور لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کے بعد پوری دنیا میں معاشی بحران شدید ہوگیا ہے۔
امریکا میں لاک ڈاؤن میں کاروبار کی بندش کی وجہ سے ملازمتوں کی کمی کے باعث بیروزگاری کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے،امریکا میں اپریل میں 20.5ملین ملازمتوں کا خاتمہ ہوا اوربے روزگاری 14.7 فیصد تک بڑھ گئی ہے ۔
دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت امریکا میں کورونا وائرس اب تک 77 ہزار سے زائد زندگیاں ختم کرچکا ہے اور 1.3ملین لوگ کورونا سے متاثر ہیں۔
نومبر میں ہونے والے انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کو دوبارہ کھولنے کا عزم ظاہرکیا ہے اور ریاستی گورنرز پہلے ہی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے چکے ہیں۔
ہمسایہ ملک کینیڈا میں بھی 30 لاکھ ملازمتوں میں کمی آئی ہے جس سے یورپی یونین کی جانب سے بلاک میں بڑے پیمانے پر کساد بازاری کی پیش گوئی کے دو دن بعد بے روزگاری کی شرح 13.1 فیصد تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں : کورونا کیخلاف جنگ میں یوٹیوب بھی پاکستان کی مدد کیلئے آگیا، 5 ملین ڈالر دینے کا اعلان